مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عرب میڈیا نے ایک اعلیٰ علاقائی سکیورٹی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ کویت پر ڈرون حملہ اس کارروائی کا حصہ ہے جسے مذکورہ ذریعے نے ایران کو موردِ الزام ٹھہرانے کے مقصد سے کی جانے والی فالس فلیگ کارروائی قرار دیا ہے۔
ذریعے نے تاکید کی کہ تہران عموما اپنی فوجی کارروائیوں کا باضابطہ اور واضح طور پر اعلان کرتا ہے اور ان کی ذمہ داری قبول کرتا ہے، لیکن اس واقعے میں قابلِ توجہ بات یہ ہے کہ ایران نے باضابطہ طور پر حملے میں کسی بھی قسم کے کردار کی تردید کی ہے۔
علاقائی سکیورٹی ذریعے نے مزید کہا کہ کویت میں پیش آنے والے واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ کارروائی صہیونی حکومت کے مقاصد کے تحت انجام دی گئی ہے، کیونکہ ایرانی وزارت خارجہ اور مسلح افواج کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ یہ ایک پہلے سے طے شدہ اور تخریبی مقاصد کی حامل کارروائی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے مختلف پہلوؤں سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کا مقصد دوسرے ممالک کو ایران کے خلاف جنگ میں شامل ہونے پر اکسانا ہے۔
تہران اس سے قبل خطے میں کسی بھی فوجی یا جارحانہ کارروائی میں ملوث ہونے کی تردید کر چکا ہے اور صہیونی حکومت اور امریکی افواج کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے نام نہاد فالس فلیگ کارروائیوں کے استعمال سے خبردار کرچکا ہے۔
اسی سلسلے میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کویت کے وزیر خارجہ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کویت پر ایران کے مبینہ ڈرون حملے کے دعوے پر تبادلہ خیال کیا۔
رپورٹ کے ایک اور حصے میں بتایا گیا ہے کہ اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے کویت میں ایران سے منسوب ڈرون حملے میں اپنے ملک کے دو شہریوں کی ہلاکت کا دعوی کیا ہے۔ اس پر علاقائی سکیورٹی ذریعے نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ ایک منطقی اور قابلِ غور سوال ہے کہ اٹلی کے دو شہری ایک دور دراز ملک کے فوجی اڈے میں کیا کر رہے تھے؟
کویت کی فوج نے گزشتہ روز ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ ملک کی مسلح افواج نے اس روز کویت کی فضائی حدود میں متعدد دشمن ڈرونز کی موجودگی کا سراغ لگایا اور ان کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے۔
بیان کے مطابق، کویتی مسلح افواج نے اپنی فضائی حدود میں متعدد دشمن ڈرونز کی نشاندہی کے بعد انہیں روکنے کے لیے کارروائی کی۔
آپ کا تبصرہ